لندن میں المناک واقعہ: گھر میں آتشزدگی سے برٹش پاکستانی خاندان کے 4 افراد جاں بحق، قتل کے شبے میں ایک شخص گرفتار
لندن (این این آئی) — لندن کے علاقے برینٹ میں ایک افسوسناک واقعے میں برٹش پاکستانی خاندان کے چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ واقعہ ایک رہائشی مکان میں آگ لگنے کے باعث پیش آیا، جس کے بعد میٹرو پولیٹن پولیس نے قتل کے شبے میں ایک 41 سالہ مرد کو جائے وقوعہ سے گرفتار کر لیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق جاں بحق افراد میں 43 سالہ خاتون، ان کی 15 سالہ بیٹی، 8 سالہ بیٹا اور 4 سالہ بیٹا شامل ہیں۔ آگ سے گھر مکمل طور پر خاکستر ہو گیا، جبکہ اسی خاندان کی ایک 70 سالہ بزرگ خاتون اور ایک نوجوان لڑکی کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
واقعہ اسٹون برج کے علاقے میں واقع تین منزلہ مکان میں پیش آیا۔ ریسکیو ٹیموں کے مطابق آگ نے تیزی سے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث جانی نقصان ہوا۔
میٹرو پولیٹن پولیس نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے گرفتار کیے گئے شخص کو قتل کے شبے میں حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس سے تفتیش جاری ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق متاثرہ خاندان تقریباً 20 سال قبل پاکستان سے برطانیہ منتقل ہوا تھا اور مقامی کمیونٹی میں خاصی شہرت رکھتا تھا۔ واقعے پر پاکستانی کمیونٹی اور مقامی افراد میں شدید غم و غصہ اور افسوس پایا جاتا ہے۔
حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ آتشزدگی کی اصل وجوہات اور اس کے پیچھے موجود محرکات کا پتہ چلایا جا سکے۔
