لاہور: یک طرفہ عشق میں ناکامی، نوجوان نے ساتھیوں کے ساتھ لڑکی اور اس کی ماں کو قتل کر کے لاشیں نہر میں پھینک دیں
لاہور کے نواحی علاقے ہئیر میں یک طرفہ محبت کا خوفناک انجام سامنے آیا ہے جہاں ایک نوجوان نے اپنی ضد میں دو قیمتی جانیں لے لیں۔ تفصیلات کے مطابق یوسف نامی شخص نورین سے یک طرفہ عشق کرتا تھا۔ جب نورین نے اس کے جذبات کو رد کیا تو یوسف نے انتقامی قدم اٹھاتے ہوئے 27 مئی 2024 کو نورین کو چالاکی سے بلا کر اغوا کیا اور بعد ازاں قتل کر دیا۔
نورین کی والدہ، اقراء بی بی، بیٹی کے قتل کی مدعیہ بنی۔ تاہم چند ماہ بعد، 12 اکتوبر 2024 کو ملزم یوسف نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اسے بھی اغوا کیا اور سفاکی سے قتل کر دیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق دونوں ماں بیٹی کو تین ماہ کے وقفے سے بے دردی سے قتل کیا گیا۔ ملزمان نے ان کی لاشوں کی بے حرمتی کرتے ہوئے ٹکڑے کیے اور نہر میں پھینک دیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے یوسف، ناصر اور منصب کو گرفتار کر لیا ہے اور آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ تفتیش کے دوران ملزمان نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔