اسلام آباد (این این آئی) — پاک فضائیہ کے ہاتھوں بھارتی فضائیہ کو ہزیمت اٹھانے کے بعد، بھارت نے اپنی بحری طاقت کو متحرک کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے مغربی ریاست گوا میں موجود ایئرکرافٹ کیریئر آئی این ایس وکرانت پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ کسی بھی ممکنہ "حملے" کی صورت میں بھارت اپنی بحریہ کی پوری قوت استعمال کرے گا۔
راج ناتھ سنگھ نے اشتعال انگیز انداز اپناتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان نے کسی قسم کی "شرارت" کی کوشش کی تو اسے بھارتی بحریہ کے سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یہ وہی بحریہ اور جنگی جہاز ہے جسے ماضی میں پاکستان کی بحری افواج نے پیچھے دھکیل دیا تھا، اور جس کے پاس پاک بھارت کشیدگی کے دوران کوئی مؤثر کارروائی کرنے کا حوصلہ تک نہ تھا۔
دوسری جانب، پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے بیانات کو غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وطن عزیز کی خودمختاری اور سرحدی سالمیت پر کسی قسم کی آنچ برداشت نہیں کی جائے گی۔ ترجمان پاک افواج نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے لیکن اپنی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، اور اگر جارحیت کی گئی تو "فیصلہ کن اور ہمہ جہت ردعمل" دیا جائے گا۔