ابوظہبی میں اعلیٰ معیار کے تیل کا تحفہ، مگر ٹرمپ کا شکوہ: "یہ مجھے خوش نہیں کرتا!"
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے مخصوص انداز میں ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے، جب ابوظہبی میں اماراتی میزبانوں کی جانب سے انہیں اعلیٰ معیار کے تیل کا تحفہ دیا گیا، لیکن توقعات کے برعکس اس معمولی مقدار پر وہ خوش نہ ہو سکے۔
تفصیلات کے مطابق، تیل سے مالا مال خطے ابوظہبی میں اماراتی وزیر صنعت ڈاکٹر سلطان الجابر نے ٹرمپ کو خاص طور پر تیار کی گئی پیکنگ میں مرون گریڈ کا خام تیل بطور تحفہ پیش کیا، جو عالمی سطح پر بہترین معیار کا تیل مانا جاتا ہے۔ تاہم، جیسے ہی ٹرمپ نے چھوٹی شیشی کو دیکھا، وہ فوراً بولے:
"یہ دنیا کا سب سے اعلیٰ معیار کا تیل ہے، لیکن مجھے تو صرف ایک قطرہ دیا گیا! یہ مجھے خوش نہیں کرتا!"
ڈاکٹر سلطان الجابر، جو ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی (ادنوک) کے سربراہ بھی ہیں، نے سنجیدگی سے انہیں وضاحت دی کہ یہ تیل علامتی تحفہ ہے اور دنیا بھر میں اپنی نایابی اور معیار کی وجہ سے قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، مگر ٹرمپ کا شکوہ برقرار رہا۔
