قطری امیر کی اہلیہ کی ٹرمپ سے ملاقات کی ویڈیو پر عرب دنیا میں بحث چھڑ گئی
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — قطری امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور ان کی اہلیہ شیخہ جواہر بنت حمد الثانی کی ایک مختصر ویڈیو نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا ہے، جس میں انہیں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ایک رسمی ملاقات کے دوران دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو کی منظر عام پر آنے کے بعد عرب دنیا میں شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ ویڈیو حالیہ دنوں اس وقت ریکارڈ کی گئی جب ڈونلڈ ٹرمپ نے قطر کا دورہ کیا اور امیر قطر کی رہائش گاہ پر ایک عشائیے میں شرکت کی۔ ویڈیو کے ایک لمحے میں شیخہ جواہر کو ٹرمپ کے قریب دیکھا جا سکتا ہے، جہاں بعض ناظرین کو یوں محسوس ہوا جیسے وہ ان سے مصافحہ کرنے جا رہی ہوں۔
سوشل میڈیا پر یہ مناظر وائرل ہوتے ہی مختلف حلقوں نے اسے تنقید کا نشانہ بنایا۔ کئی عرب صارفین نے اس بات پر سوال اٹھایا کہ ایک مسلم ملک کی خاتونِ اوّل کو اس انداز میں کسی غیر محرم مرد کے قریب ہونے کی کیا ضرورت تھی؟
دوسری جانب متعدد سوشل میڈیا صارفین اور عرب تجزیہ کاروں نے ویڈیو کے مناظر کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیے جانے پر تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شیخہ جواہر کے رویے میں کسی قسم کی بے احتیاطی یا غیر مناسب طرز عمل نظر نہیں آیا، بلکہ ویڈیو کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔
یہ ویڈیو نہ صرف سوشل میڈیا پر بحث کا باعث بنی ہے بلکہ اس نے مسلم خواتین کی نمائندگی، سفارتی آداب اور آن لائن مواد کی درست ترجمانی جیسے اہم موضوعات پر بھی بحث کو جنم دیا ہے۔