محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 16 سے 20 اپریل کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان موجود ہے، جبکہ جنوبی حصوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا خدشہ ہے۔
موسمیاتی رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد، تلہ گنگ، جہلم، چکوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گجرات اور گوجرانوالہ میں 16 تا 18 اپریل اور 20 اپریل کی شام کے وقت بارش اور کہیں کہیں ژالہ باری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 16 سے 20 اپریل کے درمیان خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع، جن میں دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مردان اور پشاور شامل ہیں، کے علاوہ مری، گلیات، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، بنوں اور وزیرستان میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
ادارے نے مزید بتایا کہ 18 اور 19 اپریل کے دوران جنوبی پنجاب کے علاقوں میں آندھی اور گرد آلود ہواؤں کے چلنے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ بارش یا تیز آندھی کے دوران درختوں اور بجلی کے پولز کے قریب کھڑے ہونے سے گریز کریں تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے محفوظ رہا جا سکے۔
اس کے ساتھ ساتھ، مری، کشمیر، گلگت بلتستان اور گلیات کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے، جس کے پیش نظر عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کی گئی ہے