لاہور قلندرز نے پی ایس ایل 10 کا ٹائٹل جیت کر 14 کروڑ روپے سے زائد کی انعامی رقم اپنے نام کر لی
لاہور (این این آئی) — پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے سنسنی خیز فائنل میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر نہ صرف تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کیا بلکہ 5 لاکھ امریکی ڈالر (تقریباً 14 کروڑ روپے سے زائد) کی خطیر انعامی رقم بھی حاصل کر لی۔
فائنل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔ جواب میں لاہور قلندرز نے ہدف کا تعاقب شاندار انداز میں کیا اور آخری اوور کی پانچویں گیند پر 202 رنز مکمل کر کے کامیابی حاصل کی۔
لاہور قلندرز کی یہ پی ایس ایل میں مجموعی طور پر تیسری فتح ہے۔ دوسری جانب رنرز اپ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 2 لاکھ امریکی ڈالر (تقریباً 5 کروڑ 60 لاکھ روپے) کی انعامی رقم دی گئی۔
لاہور قلندرز کی فتح کو شائقین کرکٹ کی جانب سے بھرپور سراہا جا رہا ہے اور یہ کامیابی فرنچائز کے لیے ایک تاریخی لمحہ قرار دی جا رہی ہے۔
