جاپانی ایئر لائن کی پرواز میں مسافر کی دروازہ کھولنے کی کوشش، طیارے کی ہنگامی لینڈنگ
ٹوکیو (این این آئی) — امریکہ جانے والی جاپانی ایئر لائن "آل نیپون" کی ایک پرواز اس وقت ہنگامی صورتحال کا شکار ہو گئی جب ایک مسافر نے دورانِ پرواز طیارے کا ہنگامی دروازہ کھولنے کی کوشش کی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ پرواز کے ٹوکیو سے ہیوسٹن روانہ ہونے کے 9 گھنٹے بعد پیش آیا، جب زیادہ تر مسافر نیند میں تھے۔ اچانک ایک مسافر اپنی نشست سے اٹھا اور طیارے کا ایمرجنسی دروازہ کھولنے کی کوشش کرنے لگا، جس سے دیگر مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پرواز عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف صورتحال پر قابو پایا بلکہ طیارے کا رخ تبدیل کر کے اسے امریکہ کے سیاٹل ایئرپورٹ کی طرف موڑ دیا۔ طیارہ 45 منٹ بعد بحفاظت لینڈ کر گیا۔
ایئرلائن حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ متعلقہ مسافر کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔