قاہرہ (این این آئی) — مصر نے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بغیر حج پرمٹ کے سعودی عرب میں داخل ہونے کی کوشش پر 10 سال تک وہاں داخلے پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق، مصری وزارتِ خارجہ نے حج کی ادائیگی کے خواہشمند افراد پر زور دیا ہے کہ وہ سعودی حکام کے مقرر کردہ ضوابط کی مکمل پاسداری کریں اور بغیر سرکاری اجازت نامے کے سفر سے سختی سے گریز کریں، بصورت دیگر انہیں نہ صرف ملک بدر کر دیا جائے گا بلکہ آئندہ 10 سال تک سعودی عرب میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزارتِ خارجہ نے سعودی عرب میں موجود تمام مصریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حج سے متعلق قوانین کی مکمل پابندی کریں تاکہ کسی قانونی کارروائی یا سزا سے بچ سکیں۔ بیان میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اگر کوئی فرد بغیر اجازت نامے والے زائرین کو رہائش فراہم کرے، ان کی مدد کرے یا ان کی موجودگی کو چھپائے، تو اس پر انفرادی طور پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔