متحدہ عرب امارات میں روزگار کے سنہری مواقع، رواں سال 10 لاکھ نئی نوکریوں کی پیشگوئی
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) دنیا کے محفوظ ترین اور پُرامن ممالک میں شمار ہونے والے متحدہ عرب امارات میں روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہونے جا رہے ہیں۔ عالمی رپورٹس کے مطابق 2025 کے اختتام تک ملک میں تقریباً 10 لاکھ نئی ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع ہے، جن میں زیادہ تر سیاحت، سرمایہ کاری اور خدمات کے شعبوں سے متعلق ہوں گی۔
ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل (WTTC) کی تازہ رپورٹ کے مطابق صرف سیاحت اور سفر کے شعبے میں اس سال 26 ہزار سے زائد نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی، جس سے اس صنعت میں مجموعی روزگار کی تعداد 9 لاکھ 25 ہزار سے تجاوز کر جائے گی۔
WTTC کی سالانہ “اکنامک امپیکٹ ریسرچ” رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں سیاحت اور سفر کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور 2025 کے دوران بین الاقوامی سیاحوں کے اخراجات 228.5 بلین درہم تک پہنچنے کی توقع ہے، جو 2019 کے مقابلے میں 37 فیصد زیادہ ہوں گے۔
اس رپورٹ میں یہ بھی پیش گوئی کی گئی ہے کہ آئندہ سال ٹورازم سیکٹر ملکی معیشت میں 267.5 بلین درہم کا حصہ ڈالے گا، جو کہ مجموعی جی ڈی پی کا تقریباً 13 فیصد ہوگا۔
یہ پیشرفت اس امر کا ثبوت ہے کہ متحدہ عرب امارات دنیا بھر کے سرمایہ کاروں اور سیاحوں کے لیے تیزی سے ایک پرکشش منزل بنتا جا رہا ہے، جس کا براہِ راست فائدہ وہاں کے مقامی اور غیرملکی ملازمین کو روزگار کے مواقع کی صورت میں مل رہا ہے۔