بھارتی ہائی کمیشن کا اہلکار ناپسندیدہ قرار، 24 گھنٹے میں پاکستان چھوڑنے کا حکم
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان نے بھارتی ہائی کمیشن کے ایک اہلکار کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر 24 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کے مطابق مذکورہ بھارتی اہلکار سفارتی آداب کے برخلاف سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا، جس کے باعث اس کے خلاف یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بھارتی ناظم الامور گیتکا سری واستو کو وزارت خارجہ طلب کر کے احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا اور انہیں واضح طور پر آگاہ کیا گیا کہ سفارتی عملے کو ایسی سرگرمیوں سے باز رکھا جائے جو سفارتی ذمہ داریوں سے متصادم ہوں۔
ترجمان کے مطابق پاکستان بین الاقوامی سفارتی ضوابط اور ویانا کنونشن کی مکمل پاسداری کرتا ہے، لیکن کسی بھی خلاف ورزی پر سخت اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
