کویت نے 19 سال بعد پاکستانیوں پر ویزا پابندی ختم کر دی، روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع کھل گئے
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — کویت نے تقریباً 19 سال بعد پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا پابندی ختم کر دی ہے، جس کے بعد خلیجی ملک میں روزگار، کاروبار، سیاحت اور خاندانی ملاقاتوں کے نئے دروازے کھل گئے ہیں۔
وزارتِ اوورسیز پاکستانیز کے فوکل پرسن مصطفیٰ ملک نے اس اہم پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اب پاکستانی شہریوں کے لیے کویت میں ورک ویزا، فیملی ویزا، وزٹ ویزا، سیاحتی ویزا اور کمرشل ویزا دوبارہ دستیاب ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ہنرمندوں کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مانگ کے باعث دنیا بھر میں اُن کے لیے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ویزے کے حصول کے لیے اب آن لائن درخواست کا آسان اور شفاف طریقہ متعارف کرایا گیا ہے، جس سے ہزاروں پاکستانیوں کو کویت میں ملازمت، کاروبار اور سفر کی سہولت حاصل ہو سکے گی۔
مصطفیٰ ملک کے مطابق صرف کویت ہی نہیں بلکہ دیگر ممالک بھی پاکستانی افرادی قوت میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اٹلی نے پاکستانی ورکرز کے لیے سالانہ کوٹہ مقرر کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے، اور اس سلسلے میں دونوں ملکوں کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط ہو چکے ہیں۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں مزید ممالک بھی پاکستان سے تربیت یافتہ اور ہنر مند افراد کو مواقع فراہم کریں گے، جس سے بیرون ملک روزگار کے دروازے مزید کھلیں گے اور ترسیلات زر میں اضافہ ہوگا۔
