واشنگٹن (این این آئی) — امریکہ نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ 200 ارب ڈالر مالیت کے معاہدوں کا اعلان کیا ہے، جن کا تعلق فرنٹیئر ٹیکنالوجیز، ایرو اسپیس، توانائی اور اہم معدنیات جیسے شعبوں سے ہے۔
چینی میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ بوئنگ اور جی ای ایرو اسپیس نے اتحاد ایئرویز کے ساتھ 14.5 ارب ڈالر کا معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت جی ای انجن سے چلنے والے 28 بوئنگ 787 اور 777 طیارے فراہم کیے جائیں گے۔
پریس ریلیز میں یہ بھی کہا گیا کہ "ایمریٹس گلوبل ایلومینیم" امریکی ریاست اوکلاہوما میں 4 ارب ڈالر کی لاگت سے ایک نیا پرائمری ایلومینیم سمیلٹر قائم کرے گا، جو گزشتہ 45 برسوں میں امریکہ میں اس نوعیت کے منصوبوں میں سے ایک اہم پیش رفت ہو گی۔
مزید برآں، اوکسیڈینٹل پیٹرولیم، ایکسن موبائل، اور ای او جی ریسورسز نے ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی (ADNOC) کے ساتھ 60 ارب ڈالر مالیت کے تیل اور قدرتی گیس کی پیداوار کے مشترکہ منصوبوں پر شراکت داری کی ہے۔
اس کے علاوہ، آرٹی ای ایکس، ایمریٹس گلوبل ایلومینیم، اور یو اے ای کی توازن کونسل کے ساتھ ایک اہم گیلیم منصوبے میں تعاون کا اعلان بھی معاہدوں کا حصہ ہے۔