سعودی عرب کا 2025 کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپس پروگرام، پاکستانی طلبہ سمیت دنیا بھر کے طلبہ مستفید ہو سکیں گے
ریاض (نیوز ڈیسک): سعودی حکومت نے سال 2025 کے لیے بین الاقوامی طلبہ کے لیے مکمل طور پر فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان کر دیا ہے، جس سے پاکستانی سمیت دنیا بھر کے طالبعلم فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ یہ اسکالرشپ پروگرام ’’Study in Saudi Arabia‘‘ کے تحت پیش کیا جا رہا ہے، جو بیچلر، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی سطح پر مختلف سرکاری جامعات میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
درخواست دینے کے لیے امیدواروں کو کسی مخصوص یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ وہ سعودی حکومت کے سرکاری آن لائن پلیٹ فارم پر جا کر اپنی پسند کی سرکاری یونیورسٹی منتخب کر کے براہِ راست درخواست دے سکتے ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ اس پورے عمل کے لیے کوئی درخواست فیس نہیں لی جاتی۔
اہلیت کے لیے درج ذیل شرائط رکھی گئی ہیں:
-
امیدوار کی کم از کم عمر 16 سال ہونی چاہیے۔
-
پاسپورٹ کم از کم چھ ماہ تک کارآمد ہونا چاہیے۔
-
اگر عمر 18 سال سے کم ہو تو والدین یا سرپرست کی تحریری اجازت درکار ہوگی۔
-
ایک حالیہ میڈیکل رپورٹ جمع کرانا لازمی ہے جس میں یہ واضح ہو کہ امیدوار کسی متعدی بیماری میں مبتلا نہیں۔
-
موزوں میڈیکل انشورنس بھی فراہم کرنا ہوگی۔
-
مالی حیثیت یا مالی ضامن کا ثبوت بھی ضروری ہے۔
جو امیدوار ان تمام شرائط پر پورا اُترتے ہیں وہ سرکاری پلیٹ فارم پر جا کر اپنی مرضی کی یونیورسٹی منتخب کر کے آن لائن اپلائی کر سکتے ہیں۔ یہ ایک سنہری موقع ہے اُن طلبہ کے لیے جو بین الاقوامی سطح پر اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا خواب رکھتے ہیں۔