"جنگ نہیں، امن چاہتے ہیں" — امریکی وی لاگر ڈریو بنسکی پاکستان کے حوصلے، امن پسندی اور مہمان نوازی سے متاثر
اسلام آباد (نیوز ڈیسک): پاک بھارت کشیدگی کے دوران جب خطے میں بے یقینی اور خوف کا ماحول قائم تھا، اس وقت پاکستان میں موجود معروف امریکی وی لاگر ڈریو بنسکی نے پاکستانی عوام کے رویے، حوصلے اور مہمان نوازی کو غیر معمولی اور متاثر کن قرار دیا۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈریو بنسکی نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک خصوصی ویڈیو جاری کی جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ شمالی پاکستان، کشمیر کے قریبی علاقوں میں موجود ہیں۔ ان کے مطابق، بھارت کی جانب سے کشیدگی میں اضافے کے بعد پاکستان نے اپنی فضائی حدود بند کر دی تھیں، جس کے باعث وہ اسلام آباد سے امریکہ روانہ نہ ہو سکے۔
ڈریو نے اپنی ویڈیو میں کہا:
"میں اس وقت پاکستان میں ہوں، حالات بظاہر کشیدہ ضرور ہیں، لیکن یہاں نہ صرف خود کو مکمل محفوظ محسوس کر رہا ہوں بلکہ پاکستانی عوام کی خوش اخلاقی، دوستانہ رویے، اور امن پسندی سے بھی حیران ہوں۔"
انہوں نے مظاہروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں بھارتی جارحیت کے خلاف پُرامن انداز میں احتجاج کیا جا رہا ہے، بازار کھلے ہیں، روزمرہ زندگی معمول کے مطابق جاری ہے، جیسے یہ کوئی غیر معمولی وقت نہ ہو۔
اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے بھارت کے جنگی رویے پر تنقید کی اور کہا:
"یہ حقیقی زندگی ہے، کوئی فلمی منظر نہیں۔ جنگ کبھی بھی مسائل کا حل نہیں رہی۔ ہمیں امن کو ترجیح دینی چاہیے، تاکہ عام شہری سکون سے جی سکیں۔"
ڈریو نے مزید بتایا کہ وہ اب زمینی راستے سے کابل جانے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ وہاں سے امریکا واپس جا سکیں۔ پاکستان کے بارے میں انہوں نے کہا:
"یہاں کے لوگ نہایت باادب، بردبار اور حوصلے والے ہیں، جو ہر مشکل میں بھی امن اور محبت کا پیغام دیتے ہیں۔"
ان کا بیان عالمی سطح پر ایک اہم پیغام دے رہا ہے — کہ پاکستان نہ صرف خودمختار ملک ہے بلکہ ہر حال میں امن کا داعی بھی ہے، اور بھارتی جنگی بیانیے کے برخلاف حقیقت یہ ہے کہ پاکستانی عوام امن و استحکام کے ساتھ جینا چاہتے ہیں۔