نئی دہلی: بھارتی فوج نے پاکستان کے جوابی حملوں میں 26 سے زائد دفاعی تنصیبات اور ایئربیسز کو نقصان پہنچنے کا اعتراف کر لیا
نئی دہلی میں ایک اہم پریس کانفرنس کے دوران بھارتی فوج نے پاکستان کی جانب سے کیے گئے جوابی فضائی حملوں میں دفاعی تنصیبات، ایئربیسز اور فوجی اثاثوں کو نقصان پہنچنے کا اعتراف کیا ہے۔ بھارتی سیکریٹری خارجہ وکرم مصری کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بھارتی فوج کی خواتین عہدیداران، کرنل صوفیہ قریشی اور ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ نے تفصیلات سے آگاہ کیا۔
کرنل صوفیہ قریشی نے بتایا کہ پاکستان نے جیٹ، ڈرونز اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے ذریعے 26 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا، جن میں ادھم پور، پٹھان کوٹ، آدم پور، بھوج اور بھٹنڈہ جیسے اہم ایئر بیسز شامل ہیں۔ ان حملوں میں نہ صرف تنصیبات بلکہ عملے اور فوجی اثاثوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
ترجمان بھارتی فوج نے تسلیم کیا کہ پاکستان کے ہائی اسپیڈ میزائل حملوں سے پنجاب سمیت دیگر علاقوں میں قائم ایئربیسز کو واضح نقصان ہوا، تاہم انہوں نے کہا کہ پاکستانی دعوؤں کے مطابق مکمل تباہی نہیں ہوئی۔
بھارتی فوجی عہدیداروں نے دعویٰ کیا کہ کئی پاکستانی حملوں کو ناکام بنایا گیا، تاہم یہ بھی کہا کہ بھارتی افواج مزید کشیدگی نہیں چاہتیں اور اس کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان اپنا رویہ تبدیل کرے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پریس کانفرنس میں بھارتی عہدیداروں کے چہرے ان کے دعووں سے زیادہ نقصانات کی گواہی دے رہے تھے، اور مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارت اصل نقصانات کو چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔