بھارت میں 45 سال سے مقیم 60 سالہ مبینہ پاکستانی خاتون گرفتار کر لی گئی۔

Express Zameen



 نئی دہلی (این این آئی) — بھارت میں 45 سال سے مقیم 60 سالہ پاکستانی نژاد خاتون کو مغربی بنگال پولیس نے گرفتار کر لیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ کارروائی ضلع ہوگلی کے علاقے چاندن نگر میں کی گئی، جہاں خاتون کئی دہائیوں سے اپنے خاندان کے ساتھ رہائش پذیر تھیں۔

حکام نے خاتون کی شناخت فاطمہ بی بی کے نام سے کی ہے، جو 1980 میں راولپنڈی سے اپنے والد کے ہمراہ سیاحتی ویزے پر بھارت آئی تھیں۔ 1982 میں انہوں نے چاندن نگر کے ایک مقامی بیکری مالک مظفر ملک سے شادی کی اور وہیں مستقل سکونت اختیار کر لی۔ تاہم، ان کی امیگریشن تفصیلات مکمل طور پر دستاویزی نہیں تھیں، اور ایک سال بعد وہ پولیس ریکارڈ میں "لاپتہ" شمار کی جانے لگیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فاطمہ بی بی کو ان کے شوہر کی دو منزلہ رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ مقامی افراد نے اس گرفتاری پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ فاطمہ کو ایک پرانی اور باعزت کمیونٹی ممبر کے طور پر جانتے تھے، اور ان کی غیر ملکی حیثیت سے لاعلم تھے۔

فاطمہ کے شوہر مظفر ملک نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی اہلیہ نہ صرف مقامی ووٹر فہرست میں شامل ہیں بلکہ ان کے پاس آدھار اور پین کارڈ جیسی اہم دستاویزات بھی موجود ہیں۔ ان کے مطابق فاطمہ نے بھارتی شہریت کے لیے باقاعدہ درخواست بھی دے رکھی ہے، تاہم اس کا عمل تاحال مکمل نہیں ہوا۔

پولیس کے مطابق فاطمہ بی بی کے امیگریشن اسٹیٹس کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی بھارت کے امیگریشن قوانین کے مطابق کی جائے گی۔

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !