لیاری کی باہمت عالیہ سومرو نے بین الاقوامی باکسنگ فائٹ جیت کر پاکستان کا نام روشن کر دیا
کراچی (این این آئی) — پاکستان کے باکسرز عالمی سطح پر کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ رہے ہیں، اور اب کراچی کے علاقے لیاری سے تعلق رکھنے والی خاتون باکسر عالیہ سومرو نے بھی بین الاقوامی باکسنگ میں شاندار کامیابی حاصل کر کے ملک کا پرچم بلند کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ کے شہر بینکاک میں ہونے والی پروفیشنل باکسنگ فائٹ میں عالیہ سومرو نے تھائی باکسر سوتھیڈا گنایانوچ کو چوتھے راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر کے فتح اپنے نام کی۔ یہ مقابلہ ٹی ایل باکسنگ پروموشن کے تحت ورلڈ سائم اسٹیڈیم میں دس راؤنڈز پر مشتمل تھا، جس میں عالیہ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
عالیہ سومرو کا تعلق لیاری کے علاقے کلاکوٹ سے ہے اور وہ ڈبلیو بی اے ایشیا کے 105 پونڈ کی کیٹگری میں متعدد بار کامیابیاں حاصل کر کے ملک کا نام پہلے بھی عالمی سطح پر روشن کر چکی ہیں۔
اپنی فتح کے بعد عالیہ نے کہا کہ اس کامیابی سے ان کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور قوم کی دعاؤں کے ساتھ وہ اگست میں بھارتی حریف باکسر کے خلاف ہونے والے چیلنج فائٹ میں بھی کامیابی حاصل کر کے پاکستان کا پرچم مزید بلند کریں گی۔