راولپنڈی: 69 سالہ کزن سے زیادتی کے مجرم کو 15 سال قید کی سزا

Express Zameen

 


راولپنڈی: قریبی رشتہ دار خاتون سے زیادتی کرنے والے ملزم کو 15 سال قید اور بھاری جرمانے کی سزا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) راولپنڈی کی سیشن عدالت نے 69 سالہ قریبی رشتہ دار خاتون سے جنسی زیادتی کے مقدمے میں نامزد شخص کو جرم ثابت ہونے پر 15 سال قید اور مالی جرمانے کی سزا سنا دی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبداللہ عثمان نے جمعرات کے روز فیصلہ سنایا اور ملزم کو متاثرہ خاتون کو 2 لاکھ روپے ہرجانے کی ادائیگی کا بھی حکم دیا۔

مقدمے کی تفصیلات کے مطابق تھانہ جاتلی پولیس نے 26 اپریل 2023 کو 69 سالہ خاتون کی درخواست پر عبدالرشید نامی ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ وہ رات کے وقت متاثرہ خاتون کے گھر میں زبردستی داخل ہو کر زیادتی کا ارتکاب کر چکا ہے۔ متاثرہ خاتون، جو کہ ملزم کی غیر شادی شدہ تایا زاد ہے، اکیلی رہتی تھی۔

عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم کو تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 376 کے تحت 10 سال قید اور ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی، جبکہ متاثرہ کو 2 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔ عدم ادائیگی کی صورت میں عدالت نے حکم دیا کہ مجرم کی جائیداد فروخت کر کے یہ رقم متاثرہ کو فراہم کی جائے۔

اسی مقدمے میں دفعہ 452 کے تحت ملزم کو مزید 5 سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانہ بھی سنایا گیا۔ اگر جرمانہ ادا نہ کیا گیا تو مجرم کو مزید 3 ماہ قید کاٹنی ہوگی۔ تاہم، عدالت نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 382-B کے تحت ملزم کو جیل میں گزارے گئے وقت کو سزا میں شامل کرنے کی رعایت دی۔

سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے عدالتی فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے تفتیشی افسران، ایس ایس پی انویسٹی گیشن اور قانونی ٹیم کی محنت کو سراہا اور کہا کہ ایسے سنگین جرائم میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے۔

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !