عدنان صدیقی فضائی حادثے سے معجزانہ طور پر محفوظ، الوداعی پیغام بھی تحریر کر لیا تھا

Express Zameen

 کراچی (این این آئی) – معروف اداکار عدنان صدیقی حال ہی میں ایک خوفناک فضائی تجربے سے دوچار ہوئے، جب وہ لاہور کے آسمان پر طوفانی موسم میں پھنسنے والی ایک پرواز میں سوار تھے۔ انہوں نے اس دل دہلا دینے والے واقعے کو اپنے انسٹاگرام پر جذباتی انداز میں بیان کیا، جسے پڑھ کر مداحوں کے دل بھی کانپ اٹھے۔

بتایا گیا ہے کہ یہ پرواز 24 مئی کو کراچی سے لاہور جا رہی تھی، جس میں سابق وفاقی وزیر اسد عمر سمیت کئی دیگر مسافر بھی موجود تھے۔ عدنان صدیقی نے لکھا:
"کل، کہیں کراچی کے آسمان اور لاہور کے میدانوں کے درمیان، میں نے خود کو زندگی اور موت کے درمیان کھڑا پایا۔ ایک عام سا سفر اچانک ایسا موڑ لے گا، یہ سوچا بھی نہ تھا۔"

انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی طیارہ طوفان کی لپیٹ میں آیا، شدید جھٹکوں نے مسافروں میں خوف کی لہر دوڑا دی۔ کچھ لوگ چیخ رہے تھے، کچھ ایک دوسرے کا سہارا بنے ہوئے تھے، اور کئی کی آنکھوں میں آنسو تھے۔

عدنان صدیقی نے انکشاف کیا کہ انہوں نے ان لمحات میں اپنے فون پر ایک الوداعی پیغام بھی لکھ لیا تھا، جسے وہ چاہتے تھے کہ ان کے جنازے پر پڑھا جائے۔ لینڈنگ کے بعد انہوں نے وہ پیغام ڈیلیٹ تو کر دیا، مگر کہا کہ "ہر لفظ دل سے نکلا تھا۔"

انہوں نے پائلٹ کی مہارت کو سراہتے ہوئے کہا:
"جب جہاز زمین کو چھونے ہی والا تھا تو اچانک ایک جھٹکے سے دوبارہ آسمان کی طرف بلند ہو گیا۔ ایسی حاضر دماغی اور فیصلہ سازی پر کپتان کو سلام پیش کرتا ہوں۔"

اس تجربے کو عدنان صدیقی نے زندگی کا ایک اہم سبق قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک پرواز کا اختتام نہیں تھا بلکہ اللہ کا خاص کرم تھا۔
"زندگی بہت نازک، مختصر اور قیمتی ہے۔ اپنے پیاروں کو قریب رکھیں اور ہر لمحے کو جی بھر کر جئیں۔"

واضح رہے کہ اس پرواز کے بعد طوفانی صورتحال کے باعث 57 مسافروں نے دوبارہ سفر سے انکار کر دیا تھا، جبکہ انہیں سامان کی واپسی میں تاخیر کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !