کوٹری میں دلخراش واقعہ: ایک ہی خاندان کے چار افراد قتل، غیرت کے نام پر قتل کا شبہ
جامشورو (نمائندہ خصوصی) — کوٹری کے علاقے خدا کی بستی میں ایک گھر سے ماں، باپ اور دو کمسن بچوں کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت عمران احمد خان، اس کی اہلیہ عالیہ اور ان کے دو بچوں کے طور پر ہوئی ہے۔ ایس ایس پی جامشورو، ظفر صدیقی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ابتدائی شواہد کے مطابق چاروں افراد کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا ہے۔
تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ عمران احمد خان نے نو سال قبل پسند کی شادی کی تھی اور وہ بلوچستان سے کوٹری آ کر مستقل طور پر آباد ہوا تھا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ واقعہ غیرت کے نام پر کیا جانے والا قتل ہو سکتا ہے۔
ظفر صدیقی نے بتایا کہ لاشیں تین دن پرانی ہیں، جنہیں پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ مزید حقائق سامنے لائے جا سکیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے، اور مقتول کے رشتہ داروں سے بھی رابطے کیے جا رہے ہیں تاکہ واقعے کے اصل محرکات معلوم کیے جا سکیں۔