کامران اکمل کا بابر اعظم کے والد کو کرارا جواب: "اپنی حدود میں رہیں"
کراچی (این این آئی) — پاکستان کے سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے بابر اعظم اور محمد رضوان کو ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے ڈراپ کیے جانے کو درست فیصلہ قرار دیتے ہوئے دونوں کو صرف ٹیسٹ فارمیٹ تک محدود رکھنے کی رائے دی۔ ان کے اس بیان پر بابر اعظم کے والد، اعظم صدیق نے سوشل میڈیا پر شدید ردعمل دیا، جس کے جواب میں کامران اکمل نے انہیں "حدود میں رہنے" کا مشورہ دے دیا۔
کامران اکمل نے ایک انٹرویو میں کہا، "میرے خیال میں بابر اور رضوان کو اب صرف ٹیسٹ میچز کے لیے کھیلنا چاہیے۔ چھ ماہ بعد شاید ون ڈے کرکٹ سے بھی ان کی جگہ نکال لی جائے، کیونکہ پاکستان ویسے بھی بہت کم ٹیسٹ میچز کھیلتا ہے۔"
بابر کے والد نے انسٹاگرام پر ایک پرانی تصویر شیئر کی جس میں کامران اکمل اور کم عمر بابر اعظم ایک ساتھ موجود ہیں۔ تصویر کے ساتھ لکھا:
"یہ بچہ آپ کی کپتانی میں کبھی نہیں کھیلا، لیکن آپ نے اس کی کپتانی میں کھیلا اور صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ اُس دن اس نے سنچری بنائی۔ کامیاب لوگوں کے خلاف بات کرنا ناکام لوگوں کی مجبوری ہوتی ہے۔"
انہوں نے ایک محاورہ بھی لکھا:
"اگر کوئی کہے کہ وہ آپ کے بھائی ہیں، تو انہیں یہ بھی بتانا چاہیے کہ وہ ہابیل جیسے ہیں یا قابیل جیسے۔"
اس پر کامران اکمل نے انسٹاگرام اسٹوری میں جواب دیتے ہوئے کہا:
"اللہ آپ کو مزید عزت دے، لیکن ہر بار خاموش رہنا ممکن نہیں ہوتا، خاص طور پر جب جھوٹے بیانیے بنائے جا رہے ہوں۔ میں گزارش کرتا ہوں کہ میرے بارے میں بات کرنے سے پہلے حقائق جان لیا کریں۔"
انہوں نے مزید کہا:
"میرے والدین نے مجھے یہ سکھایا کہ کسی سے حسد نہ کرو، اور میں نے ہمیشہ اپنے ملک کی عزت کے لیے کھیلا ہے۔ اگلی بار برائے کرم اپنے الفاظ کا انتخاب سوچ سمجھ کر کریں۔ کچھ حدود ہوتی ہیں، اور آپ انہیں بار بار عبور کر چکے ہیں۔ اپنی حدود میں رہیں۔"