اسلام آباد (این این آئی) — پاکستان نے سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارت کی جانب سے بھیجے گئے خطوط کا باضابطہ طور پر جواب دے دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ایک پریس بریفنگ کے دوران اس حوالے سے سوال کے جواب میں تصدیق کی کہ بھارت کے خطوط کا مکمل جواب دے دیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدہ بدستور مکمل طور پر نافذ العمل ہے اور دونوں ممالک پر اس کی پابندی لازم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معاہدے میں اسے معطل کرنے یا اس سے دستبرداری کی کوئی گنجائش موجود نہیں، اور پاکستان اس معاہدے کی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کو قطعی طور پر ناقابل قبول سمجھتا ہے۔
شفقت علی خان نے زور دے کر کہا کہ سندھ طاس معاہدہ ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے جس کی پاسداری نہ صرف قانونی بلکہ اخلاقی ذمہ داری بھی ہے۔ پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قانونی اور سفارتی فورم پر آواز بلند کرتا رہے گا۔