متحدہ عرب امارات میں نجی شعبے کے ملازمین کے لیے بڑی سہولت، نیا ادارہ اور ڈیجیٹل سروس متعارف
ابوظہبی (این این آئی) متحدہ عرب امارات نے نجی شعبے کے ملازمین کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے خدمات کی فراہمی کے لیے نیا ادارہ قائم کر دیا ہے، جبکہ تعلیمی اسناد کی تصدیق کے پیچیدہ عمل کو سہل بنانے کے لیے جدید ڈیجیٹل سروس بھی متعارف کرا دی گئی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ ڈیجیٹل سروس ان غیر ملکی ملازمین کے لیے تیار کی گئی ہے، جن کے پاس بیرون ملک کی تعلیمی اسناد ہیں۔ تاہم مستقبل میں یہ سہولت متحدہ عرب امارات میں جاری ہونے والی ڈگریوں پر بھی لاگو کی جائے گی۔
امارات کی وزارتِ انسانی وسائل و اماراتائزیشن (MoHRE) کے مطابق اس اقدام کا مقصد ملازمت کے حصول کے عمل کو زیادہ موثر، تیز رفتار اور شفاف بنانا ہے۔
نئی سروس MoHRE کی آفیشل ویب سائٹ، اسمارٹ موبائل ایپلیکیشن اور ملک بھر میں موجود لائسنس یافتہ بزنس سروس سینٹرز سے بآسانی حاصل کی جا سکتی ہے۔
یہ ڈیجیٹل نظام سرکاری و نجی اداروں کو براہِ راست آن لائن تصدیق کی سہولت فراہم کرے گا، جس سے نہ صرف کاغذی کارروائی میں کمی آئے گی بلکہ جعلی اسناد کے مسئلے پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔
ماہرین کے مطابق یہ اقدام متحدہ عرب امارات میں پروفیشنل ورک فورس کے معیار کو مزید بلند کرنے اور بین الاقوامی معیار کے مطابق بھرتیوں کو یقینی بنانے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔