یومِ تکبیر کے سرکاری اشتہارات سے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تصاویر غائب، عوامی حلقوں میں تشویش

Express Zameen

 یومِ تکبیر کے سرکاری اشتہارات سے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی غیر موجودگی پر عوامی ردعمل

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — یومِ تکبیر کے موقع پر جاری کیے گئے سرکاری اشتہارات میں پاکستان کے ممتاز ایٹمی سائنسدان اور محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی غیر موجودگی پر عوامی سطح پر شدید حیرت اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے 28 مئی کو شائع کردہ اشتہارات میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو نمایاں طور پر پیش کیا گیا ہے، جب کہ دیگر شخصیات میں ذوالفقار علی بھٹو، صدر آصف علی زرداری، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، مسلح افواج کے اعلیٰ افسران اور موجودہ وزیراعظم شہباز شریف کی تصاویر بھی شامل ہیں۔

پنجاب حکومت کے یومِ تکبیر اشتہار میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو مرکزی حیثیت دی گئی ہے۔ تاہم ان اشتہارات میں پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے معمار ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تصویر شامل نہ ہونے پر عوامی حلقوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کڑی تنقید کی جا رہی ہے۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان وہ شخصیت ہیں جنہوں نے پاکستان کو ناقابلِ تسخیر دفاع فراہم کیا، اور ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں "محسنِ پاکستان" کا لقب دیا گیا۔ ان کا نام پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد اور کامیابی سے جڑا ہوا ہے۔

پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے یومِ تکبیر کے موقع پر پیش کی گئی قرارداد میں جہاں سابق وزیراعظم نواز شریف کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، وہیں قرارداد میں 28 مئی 1998 کو کیے گئے چھ ایٹمی دھماکوں کو اسلامی دنیا کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا گیا۔ قرارداد میں پاک فوج کی قربانیوں کو بھی سراہا گیا اور ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔

تاہم، ڈاکٹر عبدالقدیر خان جیسے مرکزی کردار کو ان سرکاری اشتہارات سے غیر حاضر رکھنا عوام کے لیے ناقابلِ فہم اور افسوسناک قرار دیا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری تبصروں میں صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ قومی ہیروز کی خدمات کا اعتراف صرف زبانی نہیں، بلکہ عملی طور پر ہونا چاہیے، اور یومِ تکبیر جیسے اہم دن پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو نظرانداز کرنا ایک سنگین کوتاہی ہے۔

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !