بھارت کا افغان شہریوں کے لیے نیا ویزا سسٹم، خطے میں اثر و رسوخ بڑھانے کی نئی کوشش
نئی دہلی (این این آئی) افغانستان میں بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال اور پاکستان کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعلقات سے پریشان بھارت نے افغان شہریوں کے لیے جاری ایمرجنسی ویزا پروگرام ختم کر کے ایک نیا ویزا سسٹم متعارف کروا دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، وزارتِ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ نئے نظام کے تحت افغان شہری اب چھ مخصوص اقسام کے ویزوں کے لیے درخواست دے سکیں گے جن میں طبی علاج، تعلیم، کاروبار، اقوام متحدہ کے مشن سے منسلک سرگرمیاں، انٹری اور میڈیکل اٹینڈنٹ ویزے شامل ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت نے 2021 میں طالبان کے برسراقتدار آنے کے بعد افغان عوام کے لیے ایمرجنسی ویزا متعارف کرایا تھا تاکہ سیاسی بحران کے شکار افغان باشندے انخلا کر سکیں۔ اب وہ عارضی ماڈل ختم کر کے ایک مستقل و منظم نظام نافذ کر دیا گیا ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال کے مطابق، یہ نیا ماڈیول افغان باشندوں کے لیے قانونی اور سہل راستے مہیا کرے گا، تاکہ وہ مختلف شعبوں میں بھارت کا رخ کر سکیں۔
تجزیہ کار اس اقدام کو بھارت کی افغانستان میں اپنا کھویا ہوا سیاسی اور معاشی اثر و رسوخ بحال کرنے کی کوشش قرار دے رہے ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب پاکستان اور افغانستان انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں مشترکہ اقدامات پر متفق نظر آ رہے ہیں۔
دوسری جانب افغان وزارتِ اقتصادیات نے بھارتی اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ معاون وزیر عبداللطیف نظری کا کہنا تھا کہ تاجروں اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افغان باشندوں کو بھارت کے ویزے کے حصول میں آسانی دوطرفہ تجارت اور تعاون کے دروازے کھول سکتی ہے۔ ان کے مطابق یہ قدم کابل اور نئی دہلی کے درمیان تعمیری تعلقات کا نیا باب ثابت ہو سکتا ہے۔