"یہ ہمارے بیگ اٹھاتا تھا" — نعمان نیاز اور شعیب اختر ایک بار پھر لفظی جنگ میں الجھ گئے

Express Zameen

 ڈاکٹر نعمان نیاز کا شعیب اختر کو قانونی نوٹس، "بیگ اٹھانے" والے ریمارکس پر شدید ردعمل

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) معروف اسپورٹس اینکر اور تجزیہ کار ڈاکٹر نعمان نیاز نے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کے حالیہ طنزیہ ریمارکس پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے انہیں قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔ یہ متنازعہ تبصرے 25 مئی 2025 کو تماشا پلیٹ فارم پر نشر ہونے والے کرکٹ شو “دی ڈگ آؤٹ” کی 31ویں قسط کے دوران سامنے آئے۔

شو میں پاکستان کرکٹ کے ماضی کے انتظامی ڈھانچے پر گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے مبینہ طور پر طنزیہ انداز میں کہا:
"ہمیں تو اس وقت معلوم ہی نہیں ہوتا تھا کہ کوچ یا منیجر کون ہے۔ منیجر تو بس بیگ اٹھا کر کمرے تک پہنچاتا تھا، جیسے یہ ڈاکٹر نعمان، جو بیگ اٹھاتا اور کمپیوٹر پر کچھ لکھتا نظر آتا تھا۔"

ڈاکٹر نعمان نے اس بیان کو اپنی ساکھ، پیشہ ورانہ وقار اور سماجی شہرت پر حملہ قرار دیتے ہوئے قانونی راستہ اختیار کیا۔ ان کے وکیل قاضی عمیر علی کی جانب سے 29 مئی کو شعیب اختر کو بھجوائے گئے قانونی نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ شعیب اختر فوری طور پر اپنے بیان پر معذرت کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف ہتک عزت آرڈیننس 2002 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ شعیب اختر کا بیان بدنیتی پر مبنی تھا، جس سے ڈاکٹر نعمان کی پیشہ ورانہ حیثیت اور برسوں کی محنت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

یاد رہے کہ دونوں شخصیات کے درمیان یہ پہلا تنازع نہیں۔ 2021 میں پی ٹی وی پر ایک لائیو اسپورٹس شو کے دوران ہونے والی تلخ کلامی کے بعد بھی دونوں کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہو گئی تھی، جو اب ایک بار پھر شدت اختیار کر چکی ہے۔

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !