بھارتی ڈرون گرانے والے عام پاکستانی نے قوم کے دل جیت لیے، بہادری کی ویڈیو وائرل
اسلام آباد (نیوز ڈیسک): پاکستانی عوام نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وطن کی حفاظت صرف افواج ہی نہیں بلکہ ہر شہری کی اولین ترجیح ہے۔ لاہور کے علاقے بارکی میں ایک عام شہری نے غیر معمولی جرأت اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رینجرز اہلکار کے ساتھ مل کر بھارتی ڈرون کو مار گرایا، جس پر پوری قوم نے اسے "عوامی ہیرو" قرار دے دیا۔
حالیہ دنوں میں بھارتی ڈرونز کی پاکستانی فضائی حدود میں دراندازی کے کئی واقعات رپورٹ ہوئے، تاہم پاکستان نے "آپریشن بنیان المرصوص" کے تحت فوری اور مؤثر ردعمل دے کر ان کوششوں کو ناکام بنایا۔ بارکی کا واقعہ ان میں سب سے نمایاں ہے، جہاں ایک عام شہری نے دشمن کے ڈرون کو نشانہ بنا کر زمین بوس کر دیا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح عوام اور افواج مل کر دشمن کی سازشوں کو ناکام بنا رہے ہیں۔ لاکھوں پاکستانیوں نے اس شہری کے جذبے کو سراہتے ہوئے اسے خراجِ تحسین پیش کیا۔
ایک صارف نے لکھا، ’’ایسا لگتا ہے یہ لمحہ اسی کے لیے تھا!‘‘ جب کہ دوسرے نے کہا، ’’یہی ہے اصل پاکستان، جو ہر محاذ پر ڈٹ کر کھڑا ہے۔‘‘
یہ واقعہ اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ پاکستان کا ہر فرد وطن کی سلامتی کے لیے تیار ہے، اور دشمن کو ہر محاذ پر بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔