ملک بھر میں سونے کی قیمت میں نمایاں کمی، عالمی مارکیٹ میں بھی بھاؤ نیچے آ گیا
اسلام آباد (نیوز ڈیسک): پاکستان میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے زیورات کے خریداروں کے لیے خوشخبری کی صورت پیدا ہو گئی ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق، ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 10 ہزار 400 روپے کی نمایاں کمی ہوئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 40 ہزار 500 روپے ہو گئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 8 ہزار 917 روپے کمی کے ساتھ 2 لاکھ 91 ہزار 923 روپے تک آ گئی ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت کو جھٹکا لگا ہے، جہاں فی اونس سونا 104 ڈالر کم ہو کر 3221 ڈالر پر آ گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق سونے کی قیمت میں یہ کمی عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی صورتحال، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور منافع خوری کے رجحان کی وجہ سے سامنے آئی ہے۔