عمران خان معافی اور مذاکرات کے لیے تیار، ملک سیاسی و معاشی بحران کا متحمل نہیں: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
اسلام آباد (این این آئی) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان موجودہ سیاسی اور معاشی بحران سے نکلنے کے لیے معاف کرنے اور مذاکرات پر آمادہ ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک مزید عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا اور سیاسی قوتوں کو آئینی راستوں کے ذریعے مسائل کا حل نکالنا ہوگا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ ہونے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت نے ہر ہفتے ملاقات کی اجازت دی ہے، مگر اس پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا، جو کہ نہایت افسوسناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجٹ اور سیکیورٹی جیسے اہم امور پر مشاورت کے لیے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ناگزیر ہے، اور ملاقات سے روکنا سراسر زیادتی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس کے سلسلے میں بانی پی ٹی آئی کی پیرول پر رہائی کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں رجسٹرار آفس کی جانب سے اعتراضات عائد کیے گئے۔ قائم مقام چیف جسٹس جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ پیرول کی درخواست کو سزا معطلی کے کیس سے الگ دیکھا جائے گا کیونکہ یہ ایک مختلف نوعیت کا معاملہ ہے۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل، لطیف کھوسہ نے درخواست کی کہ پیرول کیس کو سزا معطلی کیس کے ساتھ سنا جائے۔ ان کا مؤقف تھا کہ رجسٹرار کے اعتراضات کا فیصلہ عدالت کو کرنا ہے، اور ایسا تاثر نہیں جانا چاہیے کہ کسی فرد کو انصاف سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ دوران سماعت وکیل نیازاللہ نیازی نے بتایا کہ توہین عدالت کی سات درخواستیں بھی زیر التوا ہیں، جبکہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کی سماعت بھی ابھی تک مقرر نہیں ہوئی۔
قائم مقام چیف جسٹس نے مشورہ دیا کہ چونکہ پیرول رہائی حکومتی دائرہ اختیار میں آتا ہے، اس لیے اس سلسلے میں متعلقہ فورم سے رجوع کیا جائے۔
واضح رہے کہ 190 ملین پاؤنڈ (القادر ٹرسٹ) کیس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ پر الزام ہے کہ انہوں نے پی ٹی آئی حکومت کے دوران برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کی جانب سے پاکستان کو بھیجی گئی رقم کے بدلے بحریہ ٹاؤن سے اربوں روپے مالیت کی اراضی حاصل کی تھی۔