کراچی سے دو امریکی ہیلی کاپٹروں کی بھارتی شہر احمد آباد تک پراسرار پرواز کا انکشاف ہوا ہے، تاہم ان پر سوار افراد اور ان کے مشن کی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ پرواز ایسے وقت میں ہوئی جب مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں دہشت گردی کے واقعے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان پر الزامات عائد کیے جا رہے ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اتوار کی سہ پہر دو امریکی رجسٹریشن نمبر والے لیونارڈو اے ڈبلیو 139 ہیلی کاپٹر شارجہ سے بحیرہ عرب کے راستے نچلی پرواز کرتے ہوئے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے۔ یہ ہیلی کاپٹر ویسٹ اسٹار ایوی ایشن اور ایک نجی کمپنی کی ملکیت تھے اور تقریباً دو گھنٹے ایئرپورٹ پر قیام کے بعد سہ پہر تین بجے کراچی سے بدین کی طرف روانہ ہوئے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق دونوں ہیلی کاپٹروں نے 9 ہزار فٹ کی بلندی پر سندھ کے شہر چوہڑ جمالی کے قریب سے بھارتی فضائی حدود میں داخل ہو کر 11 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز جاری رکھی اور بالآخر بھارتی شہر احمد آباد میں لینڈ کیا۔ رات گئے تک یہ ہیلی کاپٹر وہیں موجود تھے۔
ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ان ہیلی کاپٹروں میں کون لوگ سوار تھے، وہ کس مشن پر تھے، اور اس سفر کی منظوری کیسے ملی۔ ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی سے اس معاملے پر مؤقف لینے کی کوشش کی گئی، تاہم خبر کے فائل ہونے تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔