جنوبی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 4 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد کا تعلق راجن پور اور بہاولپور سے تھا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے زخمیوں کو فوری اور مؤثر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی۔
انہوں نے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے، تاہم قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون اور احتیاطی تدابیر ناگزیر ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ خراب موسم کے دوران کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں اور خود کو محفوظ پناہ گاہوں میں رکھیں۔