نئی دہلی (این این آئی) — بھارت میں پاکستان سے تعلقات کے الزام میں ایک اور شہری کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اتر پردیش کی انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے رامپور سے تعلق رکھنے والے شہزاد نامی شخص کو مرادآباد سے ہفتے کے روز گرفتار کیا۔
رپورٹس کے مطابق شہزاد کو اس وقت زیر حراست لیا گیا جب ملک گیر آپریشن کے دوران مختلف افراد کو نشانہ بنایا جا رہا تھا، جن میں سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور یوٹیوبرز بھی شامل ہیں۔ اے ٹی ایس کی پریس ریلیز کے مطابق شہزاد کی سرگرمیوں پر پہلے ہی نظر رکھی جا رہی تھی، کیونکہ انٹیلی جنس اداروں کو شبہ تھا کہ وہ پاکستان کے ساتھ سرحد پار اسمگلنگ میں ملوث ہے۔
تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ شہزاد کئی بار پاکستان جا چکا ہے اور وہ غیر قانونی طور پر کاسمیٹکس، کپڑے، مصالحہ جات اور دیگر اشیاء کی اسمگلنگ میں شامل رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس اسمگلنگ کے پیچھے اصل مقصد مبینہ طور پر جاسوسی کی سرگرمیاں تھیں۔
مزید انکشافات میں یہ بات سامنے آئی کہ شہزاد رامپور اور اتر پردیش کے دیگر علاقوں سے افراد کو پاکستان بھیجنے کے عمل میں بھی شامل تھا، جنہیں اسمگلنگ کی آڑ میں بھرتی کیا جاتا تھا۔ پولیس نے شہزاد کے خلاف بھارتی فوجداری ضابطہ کی دفعات 148 اور 152 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اسے مجسٹریٹ کے سامنے پیش کر دیا گیا ہے اور تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔