چینی کی قیمتوں میں عارضی کمی کا فیصلہ، حکومت اور شوگر ملز کا فریقِ ثالث آڈٹ پر اتفاق
اسلام آباد (این این آئی) وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ اور شوگر ملز مالکان نے عیدالاضحیٰ تک چینی کی قیمتوں میں عارضی کمی کا فیصلہ کرلیا جبکہ مستقبل میں شفاف نرخوں کے تعین کے لیے فریق ثالث کے ذریعے آڈٹ کرانے پر بھی اتفاق ہوگیا۔
وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین کی زیرصدارت چینی کی قیمتوں اور فراہمی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں شوگر ملز مالکان اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔
وزارت کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق فیصلہ کیا گیا کہ چینی کی پیداواری لاگت میں شفافیت کے لیے ایک آزاد آڈٹ فرم کی خدمات حاصل کی جائیں گی، جو وزارت اور شوگر ملز کی باہمی رضامندی سے مقرر کی جائے گی۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ آڈٹ رپورٹ اور باہمی مشاورت کی روشنی میں عید کے بعد چینی کی نئی قیمت کا تعین کیا جائے گا تاکہ قیمتوں کو شفاف، منصفانہ اور اعداد و شمار کی بنیاد پر مقرر کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے شوگر ملز کی جانب سے عید تک چینی کی ایکس مل قیمت میں عارضی کمی کو صارفین کے لیے ریلیف کا مثبت قدم قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت غذائی تحفظ، شفاف قیمتوں اور مصنوعی مہنگائی کے خلاف اقدامات کے لیے پرعزم ہے۔ پبلک اور پرائیویٹ شعبوں کے درمیان مسلسل رابطہ اور مشاورت غذائی اشیاء کی قیمتوں کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
وزیر کا کہنا تھا کہ وزارت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول، مؤثر پالیسی سازی، مارکیٹ مانیٹرنگ اور اسٹیک ہولڈرز سے تعاون کو مزید مضبوط بنائے گی۔