چترال میں انوکھا واقعہ: نوجوان نے ایک ہی وقت میں دو لڑکیوں سے نکاح کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا
پشاور (این این آئی) — چترال کے علاقے تورکہو سے تعلق رکھنے والے نوجوان سرتاج احمد نے ایک ہی وقت میں دو لڑکیوں سے شادی کر کے علاقے میں ایک منفرد مثال قائم کر دی۔
تفصیلات کے مطابق سرتاج احمد، جو ایک سرکاری ادارے میں ملازم ہے، حال ہی میں چھٹیاں گزارنے کے لیے اپنے گاؤں سور ریچ آیا تھا۔ نوجوان کا پہلے سے اپنے گاؤں کی ایک لڑکی سے رابطہ تھا اور وہ اسے رضامندی سے شادی کے لیے اپنے گھر لے آیا۔ تاہم حیرت انگیز طور پر جب وہ گھر پہنچا تو ایک اور لڑکی بھی شادی کی خواہش لیے اس کے گھر موجود تھی۔
دونوں لڑکیاں نوجوان سے شدید محبت کرتی تھیں اور کسی صورت واپسی کے لیے تیار نہیں تھیں۔ ایسی غیر معمولی صورتحال کو دیکھتے ہوئے علاقے کے مشران نے مداخلت کی اور مقامی عالم دین مولانا فیض الرحمن کو بلایا گیا۔ دونوں لڑکیوں کی رضا مندی اور باہمی مشاورت کے بعد 9، 9 لاکھ روپے حق مہر مقرر کر کے سرتاج احمد کا دونوں کے ساتھ نکاح پڑھا دیا گیا۔
یہ انوکھا واقعہ چترال بھر میں موضوعِ بحث بن گیا ہے، جسے سوشل میڈیا پر بھی خاصی توجہ مل رہی ہے۔ عوام کی جانب سے اس دلچسپ اور حیران کن شادی پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔