پاکستان میں سب سے زیادہ گرمی کہاں پڑی؟ درجہ حرارت 50 ڈگری تک جا پہنچا
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ درجہ حرارت بلوچستان کے شہر سبی میں ریکارڈ کیا گیا، جہاں پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ رپورٹ کے مطابق دادو اور ڈیرہ غازی خان میں درجہ حرارت 49 ڈگری، جبکہ جیکب آباد، رحیم یار خان اور بہاولپور میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ شام یا رات کے وقت کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور چند مقامات پر ہلکی بارش کا امکان موجود ہے۔
شدید گرمی کے پیش نظر شہریوں کو غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کرنے، دھوپ میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور زیادہ سے زیادہ پانی پینے کی ہدایت کی گئی ہے۔