مرغی کا گوشت ایک بار پھر ریکارڈ سطح پر مہنگا

Express Zameen

 


مرغی کا گوشت 800 روپے فی کلو سے تجاوز کر گیا، اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پنجاب کے مختلف شہروں میں برائلر گوشت کی قیمت نئی بلندیوں کو چھونے لگی ہے، جہاں فی کلو قیمت 800 روپے سے بھی تجاوز کر گئی ہے، جس سے عوام شدید پریشانی اور غصے کا شکار ہو چکے ہیں۔

حکومت کی جانب سے مہنگائی پر قابو پانے کے دعوے زمینی حقائق کے برعکس نظر آتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی زیر قیادت پنجاب حکومت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دیتی ہے۔ مرغی کے گوشت کے لیے کوئی باقاعدہ سرکاری نرخ نامہ جاری نہ ہونے کے باعث دکاندار من مانے دام وصول کر رہے ہیں۔

تازہ اعداد و شمار کے مطابق برائلر گوشت کی قیمت 811 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے، جبکہ گرمیوں میں عمومی طور پر کم طلب کے باوجود انڈے 310 روپے فی درجن میں فروخت ہو رہے ہیں۔

صرف مرغی ہی نہیں بلکہ دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتیں بھی مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ چینی 185 روپے فی کلو، گندم کی فی من قیمت میں 300 روپے سے زائد اضافہ، اور آٹے و روٹی کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کی اطلاعات نے عوام کو مزید پریشان کر دیا ہے۔

سبزیوں میں صرف آلو، پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی ہے، جبکہ دیگر سبزیاں اور پھل عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو چکے ہیں۔ دودھ کی قیمت 180 روپے سے بڑھ کر 260 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جبکہ دہی بھی اسی قیمت پر فروخت ہو رہا ہے۔

گوشت کی بات کی جائے تو بیف 1200 روپے اور مٹن 2200 روپے فی کلو تک جا پہنچا ہے۔ چاول کی قیمت بھی 340 سے 360 روپے فی کلو کے درمیان ہے، جو متوسط طبقے کے لیے ایک اور دھچکا ہے۔

عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری اور مؤثر اقدامات کرے تاکہ روزمرہ اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جا سکے، ورنہ مہنگائی کا یہ طوفان غریب طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دے گا۔

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !