بھارت کی ترکیہ کو میزائل حملے کی دھمکی، کشیدگی میں اضافہ
نئی دہلی (این این آئی) — پاکستان سے حالیہ شکست کے بعد بھارت نے اشتعال انگیز رویہ اپناتے ہوئے ترکیہ کو بھی حملے کی کھلی دھمکیاں دینا شروع کر دی ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، بھارت نے ترکیہ پر میزائل حملے کی دھمکی دی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ "براہموس" میزائل صرف 6 منٹ میں ترکیہ کو تباہ کر سکتا ہے۔ یہ دعویٰ ایک بھارتی نیوز ایجنسی کے مضمون میں کیا گیا ہے، جس کے پیچھے بھارت کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی "را" کا ہاتھ بتایا جا رہا ہے۔
مزید برآں، بھارت نے ترکیہ کی گراؤنڈ ہینڈلنگ کمپنی "سیلیبی ایئرپورٹ سروسز انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ" کی سیکیورٹی کلیئرنس بھی منسوخ کر دی ہے، جو بھارت کے 9 بڑے ہوائی اڈوں پر خدمات انجام دے رہی تھی، جن میں دہلی، ممبئی، بنگلور، حیدرآباد اور چنئی شامل ہیں۔
اس اشتعال انگیز مضمون میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارت کا "اگنی فائیو" میزائل، جو تقریباً 29,400 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے، ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ تک بھی چند منٹوں میں پہنچ سکتا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، بھارت کی یہ جارحانہ زبان اس مایوسی کا اظہار ہے جو اسے پاکستان کے ساتھ حالیہ تنازعے میں سفارتی و عسکری محاذ پر ناکامی کے بعد محسوس ہو رہی ہے۔ یاد رہے کہ ترکیہ ان ممالک میں شامل تھا جنہوں نے پاکستان کے حق میں آواز بلند کی تھی اور جدید ڈرونز سمیت دیگر دفاعی تعاون بھی فراہم کیا تھا۔
بھارت کی جانب سے ترکیہ کے خلاف اس نوعیت کی دھمکیاں خطے میں ایک نئے سفارتی بحران کو جنم دے سکتی ہیں، جبکہ عالمی برادری نے بھی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔