گوجرہ: پسند کی شادی کی خواہش پر سفاک چچا نے بھتیجی کو والدہ کے سامنے قتل کر دیا
گوجرہ (این این آئی) — گوجرہ کے نواحی علاقے میں سفاکیت کی انتہا کر دی گئی، جہاں پسند کی شادی کی خواہش ظاہر کرنے پر چچا نے اپنی 20 سالہ بھتیجی کو والدہ کے سامنے تکیے سے گلا دبا کر قتل کر دیا۔ ملزمان نے مقتولہ کی والدہ کو دھمکا کر خاموش رہنے پر مجبور کر دیا اور لڑکی کی لاش کو خاموشی سے دفنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق تین مئی کو تھانہ صدر کی حدود میں ایف ایس سی کی طالبہ نمرہ کو اس کے چچا ماسٹر ارشاد، اور دو کزنز ماسٹر گلزار اور اللہ رکھا نے غیرت کے نام پر تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ماسٹر ارشاد نے نمرہ کی والدہ کے سامنے تکیہ رکھ کر لڑکی کا سانس گھونٹ دیا۔
ذرائع کے مطابق نمرہ کے رشتے کی بات ایک پڑوسی کی جانب سے ہوئی تھی، اور نمرہ نے پسندیدگی ظاہر کی تھی، جس پر اس کے چچا نے بیٹوں سمیت بدچلنی کا الزام لگا کر اسے قتل کر دیا۔ مقتولہ کی موت کو طبعی قرار دے کر خاموشی سے دفن کر دیا گیا۔
اطلاع پر ایک سماجی کارکن نے ڈی پی او ٹوبہ عبادت نثار کو مقدمہ درج کروانے کے لیے درخواست دی، مگر اسے ذہنی مریض قرار دے کر درخواست مسترد کر دی گئی۔ ایک اور سماجی کارکن کی جانب سے متعلقہ تھانے میں رپورٹ دی گئی تاہم پولیس مبینہ طور پر بااثر ملزمان کے خلاف کارروائی سے گریزاں ہے۔
پولیس ترجمان وقاص کا کہنا ہے کہ اب تک اس واقعے کی کوئی رپورٹ یا درخواست موصول نہیں ہوئی۔
