واشنگٹن (این این آئی) — امریکا نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ میں مداخلت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایک انٹرویو میں واضح کیا کہ امریکا ایسی جنگ میں شامل نہیں ہوگا جس سے اس کا براہ راست کوئی تعلق نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں بھارت نے حملہ کیا اور پاکستان نے جواب دیا، دونوں ممالک کو تحمل اور تدبر سے کام لینا چاہیے تاکہ تنازع شدت اختیار نہ کرے۔ نائب صدر نے زور دیا کہ پاک بھارت جنگ کو کسی صورت ایٹمی جنگ میں نہیں بدلنا چاہیے کیونکہ اس کے نتائج انتہائی خطرناک ہوں گے۔
جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ امریکا کو اس تنازع پر تشویش ضرور ہے لیکن وہ براہ راست مداخلت نہیں کرے گا، تاہم سفارتی ذرائع سے کشیدگی کم کرانے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔ ان کے مطابق فی الحال ایسا کوئی اشارہ نہیں کہ یہ جنگ ایٹمی تصادم کی شکل اختیار کرے گی، تاہم معاملے کا فوری حل نکالنا ضروری ہے۔