اداکارہ سارہ عمیر نے نامناسب رویے پر ہدایتکار کو تھپڑ رسید کر دیا
کراچی (این این آئی) معروف اداکارہ سارہ عمیر نے اپنے ساتھ پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کیرئیر کے آغاز میں ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ہدایتکار نے انہیں بار بار نامناسب انداز میں چھوا، جس پر انہوں نے برداشت کی حد پار ہونے پر سب کے سامنے ہدایتکار کو تھپڑ مار دیا۔
ایک انٹرویو کے دوران سارہ عمیر نے بتایا کہ واقعہ سندھ کے ایک دور افتادہ قصبے میں پیش آیا جہاں ایک ڈرامے کی شوٹنگ جاری تھی۔ اداکارہ کے مطابق ایک دن کھانے کے وقت وہ دیگر افراد کے ساتھ میز پر بیٹھی تھیں کہ ہدایتکار نے میز کے نیچے سے انہیں چھوا۔ سارہ نے پہلے پہل اسے غیر ارادی سمجھا اور اپنی نشست بدل لی، لیکن حیرت کی بات یہ تھی کہ انہوں نے دوبارہ اسی حرکت کو دہرایا، جس پر وہ پریشان ہو گئیں اور انہیں اندازہ ہو گیا کہ یہ عمل دانستہ تھا۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ اگلے دن شوٹنگ کے دوران بھی وہی ہدایتکار نہ صرف انہیں بلکہ دیگر فنکاروں کو بھی ہدایات دیتے ہوئے نامناسب انداز میں چھو رہا تھا۔ جب اس نے ایک بار پھر سارہ کے ساتھ یہی رویہ اپنایا، تو وہ مزید خاموش نہ رہ سکیں اور سب کے سامنے اسے تھپڑ دے مارا۔
سارہ عمیر کا کہنا تھا کہ انہوں نے فوری طور پر اس پراجیکٹ کو چھوڑ دیا اور کام کرنے سے انکار کر دیا۔ تاہم، انہوں نے اس واقعے میں ملوث ہدایتکار کا نام اور ڈرامے کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔
یہ واقعہ شوبز انڈسٹری میں خواتین کے ساتھ ہونے والے غیر اخلاقی رویوں کے خلاف آواز اٹھانے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔