عوام کیلئے مہنگائی کا ایک اور بڑا جھٹکا متوقع

Express Zameen

 


پیٹرولیم لیوی میں ریکارڈ اضافہ، عوام کو مہنگائی کا ایک اور جھٹکا لگنے کا خدشہ

کراچی (این این آئی) — آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوام کو مہنگائی کی ایک نئی لہر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، کیونکہ حکومت نے پیٹرولیم لیوی کی مد میں ریکارڈ وصولیوں کا منصوبہ آئی ایم ایف کے سامنے پیش کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران پیٹرولیم لیوی سے 1 ہزار 311 ارب روپے کی وصولی کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جو رواں مالی سال کے ہدف (1 ہزار 117 ارب روپے) سے 194 ارب روپے زیادہ ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اضافے کا براہِ راست اثر عوام پر پڑے گا، کیونکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ متوقع ہے، جس سے مہنگائی میں شدت آ سکتی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2024 سے مارچ 2025 تک پیٹرولیم لیوی کی مد میں 833 ارب 84 کروڑ روپے سے زائد کی رقم وصول کی جا چکی ہے، جب کہ مالی سال 2023-24 میں اس مد سے مجموعی طور پر 1 ہزار 19 ارب روپے حاصل کیے گئے تھے۔ اس سے قبل مالی سال 2022-23 میں یہ وصولی 580 ارب روپے رہی تھی۔

نئے مالی سال کے لیے مجوزہ تخمینہ ملک کی تاریخ میں پیٹرولیم لیوی کی سب سے بڑی رقم تصور کی جا رہی ہے۔ فی الوقت پیٹرول پر فی لیٹر 78 روپے 2 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 77 روپے 1 پیسہ لیوی وصول کی جا رہی ہے، جو ملکی تاریخ کی بلند ترین شرح ہے۔

حکومتی حکام کے مطابق یہ اقدام آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت ریونیو اہداف حاصل کرنے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔ تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے عوام پر مہنگائی کا دباؤ مزید بڑھے گا اور روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے کو ملے گا۔

#buttons=(Accept !) #days=(20)

Our website uses cookies to enhance your experience. Check Now
Accept !