کراچی: بے ہوش ملنے والے شخص کے سامان سے خاتون کے نام پر دو بھارتی پاسپورٹس برآمد، پولیس تحقیقات میں مصروف
کراچی (این این آئی) — کراچی کے مصروف ترین علاقے صدر میں واقع اللہ والی مسجد کے قریب ایک بزرگ شہری کو بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا، جس کے بعد انہیں فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق، متاثرہ شخص کی ابتدائی شناخت 60 سالہ عبدالعزیز کے نام سے ہوئی ہے، تاہم ان کی مکمل شناخت اور ماضی کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔
اہلکاروں نے بتایا کہ عبدالعزیز کے سامان کی تلاشی کے دوران ایک خاتون کے نام پر دو بھارتی پاسپورٹس برآمد ہوئے، جن پر نام "امجدی بیگم" درج ہے۔ دونوں پاسپورٹس کی میعاد 2028 تک ہے اور ان پر پتہ حیدرآباد، آندھرا پردیش (بھارت) کا لکھا ہوا ہے۔ مزید یہ کہ یہ پاسپورٹس جدہ سے جاری کیے گئے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق، اس بات کا کھوج لگایا جا رہا ہے کہ عبدالعزیز کون ہے، اس کا ان پاسپورٹس سے کیا تعلق ہے، اور یہ دستاویزات اس کے قبضے میں کیسے آئیں۔ حساس نوعیت کے باعث معاملے کی مکمل جانچ پڑتال کی جا رہی ہے اور مختلف ادارے اس پہلو سے تحقیقات کر رہے ہیں۔
