اسلام آباد (نیوز ڈیسک) – آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ کی تیاریوں کا آغاز ہو چکا ہے، اور حکومت کی جانب سے 2 جون کو بجٹ پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے سرکاری ملازمین کے لیے خوشخبری سامنے آئی ہے، کیونکہ وفاقی حکومت کی جانب سے تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافے پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، گریڈ 1 سے 16 تک کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد تک اضافے کی تجویز زیرِ غور ہے، جبکہ گریڈ 17 سے 22 کے افسران کو 20 فیصد اضافے کا امکان ہے۔
مزید برآں، تنخواہ دار طبقے کو ٹیکس میں رعایت دینے کی بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ اطلاعات ہیں کہ حکومت انکم ٹیکس سلیبس میں 10 فیصد تک کمی پر غور کر رہی ہے، جس سے تنخواہ دار طبقے کو مجموعی طور پر تقریباً 50 ارب روپے کا مالی ریلیف مل سکتا ہے۔
تاہم یہ تمام تجاویز بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ 14 مئی سے 22 مئی 2025 تک ہونے والے مذاکرات کے بعد حتمی شکل اختیار کریں گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ مالی سال 2024-25 کے بجٹ میں بھی حکومت نے گریڈ 1 تا 16 کے ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اور گریڈ 17 تا 22 کے افسران کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافہ کیا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ پنشن میں 15 فیصد اضافہ اور کم از کم تنخواہ 32 ہزار سے بڑھا کر 37 ہزار روپے ماہانہ مقرر کی گئی تھی۔
