اسلام آباد (نیوز ڈیسک) – پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک، ایک قیدی کا باہمی تبادلہ عمل میں آیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ تبادلہ واہگہ-اٹاری بارڈر پر کیا گیا، جہاں دونوں ممالک نے اپنے اپنے اہلکاروں کو حوالے کیا۔
تفصیلات کے مطابق، بھارت کی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکار پرنم کمار شاہ کو پاکستانی حکام نے بھارتی حکام کے حوالے کیا، جبکہ اس کے بدلے میں بھارتی فورسز نے پنجاب رینجرز کے اہلکار محمد اللہ کو پاکستانی حکام کے حوالے کیا۔
ذرائع کے مطابق، دونوں اہلکاروں کو سرحدی خلاف ورزی کے الزامات پر گرفتار کیا گیا تھا—پرنم کمار شاہ کو پاکستانی فورسز نے اور محمد اللہ کو بھارتی فورسز نے تحویل میں لیا تھا۔
واضح رہے کہ 12 مئی کو پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) کے درمیان رابطہ ہوا تھا، جس میں دونوں ممالک نے جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا۔ قیدیوں کے اس تبادلے کو اسی تناظر میں ایک مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔