کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران چوتھی بار زلزلے کے جھٹکے، شہریوں میں خوف و ہراس
کراچی (این این آئی) شہر قائد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چوتھی مرتبہ زلزلے کے جھٹکوں نے خوف و ہراس کی فضا قائم کر دی۔ وقفے وقفے سے آنے والے جھٹکوں کے باعث شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے اور کھلے مقامات کا رخ کر لیا۔
زلزلے کے جھٹکے لانڈھی، ملیر، شاہ لطیف، بھینس کالونی اور قائد آباد سمیت متعدد علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق، جھٹکوں کی شدت 3.2 ریکٹر اسکیل پر ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ مرکز کا مقام کراچی کا علاقہ قائد آباد بتایا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ زلزلہ زمین کی سطح کے قریب تھا، جس کے باعث اس کے اثرات زیادہ نمایاں محسوس ہوئے۔ تاہم اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
متعلقہ اداروں نے صورتحال پر نظر رکھتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گھبراہٹ کا شکار نہ ہوں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔