سکھر: 3 سال بعد کچے کے ڈاکو کی بازار میں شناخت، شہری نے پہچان کر دھرلیا
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سکھر میں ایک اہم پیشرفت اُس وقت سامنے آئی جب تین سال قبل اغوا ہونے والے شہری نے اپنے اغوا کار کو شہر کی موبائل مارکیٹ میں خریداری کرتے ہوئے پہچان لیا۔ پولیس کے مطابق مذکورہ ڈاکو کا تعلق کچے کے علاقے سے ہے، جو ایک خاتون اور اپنے ساتھی کے ہمراہ سم خریدنے مارکیٹ آیا تھا۔
شہری نے نہ صرف ڈاکو کو پہچانا بلکہ فوری طور پر اپنے ساتھیوں کی مدد سے اسے قابو کیا اور پٹائی کرنے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔ سکھر پولیس نے تینوں افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرہ شہری نے بتایا کہ تین سال قبل اسی ڈاکو نے خاتون کی آواز میں فون کرکے اسے جھانسے میں لیا اور پھر اغوا کر لیا۔ مغوی کو کئی ہفتے تک تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور بیس لاکھ روپے تاوان لینے کے بعد رہا کیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں اور گرفتار ملزمان سے مزید اہم انکشافات کی توقع ہے۔ واقعے کے بعد شہریوں نے متاثرہ شخص کی ہوشیاری اور بہادری کو سراہا۔