بابر اعظم کی مداحوں سے سڑک پر تلخ کلامی، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
لاہور (این این آئی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم بنگلادیش کے خلاف سیریز سے باہر ہونے کے بعد ایک نئی تنازعے کا شکار ہو گئے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر بابر اعظم کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں انہیں چند نوجوان مداحوں کے ساتھ سڑک پر الجھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ بابر اعظم کو مداحوں نے گھیر رکھا ہے اور وہ غصے میں کچھ کہہ رہے ہیں، تاہم آواز واضح نہیں جس سے اصل معاملہ سامنے نہیں آ سکا۔ ایک لمحے میں بابر اعظم ایک نوجوان کو دھکا دیتے ہوئے نظر آتے ہیں اور ہجوم سے نکل کر اپنی گاڑی کی طرف بڑھ جاتے ہیں۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بابر اعظم کو تنقید کا سامنا ہے، جہاں بعض صارفین ان کے رویے کو غیر پیشہ ورانہ قرار دے رہے ہیں، جبکہ کچھ مداح ان کا دفاع کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ مشہور شخصیات کو بھی ذاتی حدود کی ضرورت ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ بابر اعظم کو حالیہ نیوزی لینڈ دورے میں ناقص کارکردگی کے بعد ٹی20 اسکواڈ سے باہر کر دیا گیا تھا اور انہیں بنگلادیش کے خلاف ٹی20 سیریز میں بھی شامل نہیں کیا گیا۔