پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمات کی تفصیلات عدالتوں میں پیش، فیصل جاوید اور شعیب شاہین کو عبوری ریلیف مل گیا
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں فیصل جاوید اور شعیب شاہین کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات پشاور اور اسلام آباد ہائی کورٹس میں پیش کر دی گئیں۔
پشاور ہائی کورٹ میں جسٹس صاحبزادہ اسداللہ اور جسٹس کامران حیات میانخیل پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سینیٹر فیصل جاوید کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی، جس میں انہوں نے اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کی استدعا کی تھی۔
دورانِ سماعت اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ فیصل جاوید کے خلاف ملک بھر میں مجموعی طور پر 16 ایف آئی آرز درج ہیں۔ دوسری جانب نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر ارباب کلیم اللہ نے وضاحت کی کہ نیب کے پاس فیصل جاوید کے خلاف کوئی انکوائری زیر التوا نہیں ہے، جب کہ ایف آئی اے اور صوبائی حکومت کے پاس بھی ان کے خلاف کوئی مقدمہ موجود نہیں۔
فیصل جاوید نے عدالت کو بتایا کہ وہ اس وقت بھی سی ایم ایچ راولپنڈی سے طبی معائنے کے بعد آئے ہیں۔ عدالت نے انہیں ایک ماہ کی حفاظتی ضمانت فراہم کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ اس دوران متعلقہ عدالتوں میں پیش ہو جائیں۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین کی جانب سے اپنے خلاف درج مقدمات کی معلومات حاصل کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد میں شعیب شاہین کے خلاف 21 مقدمات درج ہیں۔
عدالت نے شعیب شاہین کو ہدایت کی کہ وہ ایک ہفتے کے اندر متعلقہ عدالتوں سے رجوع کریں، اور اس کے ساتھ ہی ان کی درخواست نمٹا دی گئی۔