بہاولپور: فاقہ کشی کا المناک انجام، ایک بزرگ خاتون جاں بحق، دوسری اسپتال میں زیر علاج
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بہاولپور کے علاقے لوہار والی گلی میں بھوک اور پیاس سے نڈھال دو بزرگ بہنوں میں سے ایک زندگی کی بازی ہار گئی، جب کہ دوسری بہن اسپتال میں زیر علاج ہے۔ اس افسوسناک واقعے نے علاقے میں گہرے دکھ اور رنج کی لہر دوڑا دی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ ہفتے کے روز اس وقت سامنے آیا جب پڑوسیوں نے اطلاع دی کہ ایک گھر میں دو بزرگ خواتین بے ہوشی کی حالت میں پڑی ہیں۔ ریسکیو اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے، مگر ان میں سے ایک خاتون جاں بحق ہو چکی تھیں، جب کہ دوسری کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
زیر علاج خاتون نے بتایا کہ وہ اور ان کی بہن کئی دنوں سے بھوکی پیاسی تھیں، ان کے پاس کھانے پینے کی کوئی چیز موجود نہیں تھی۔ اہل محلہ کے مطابق دونوں بہنیں غیر شادی شدہ تھیں اور اکیلی رہتی تھیں، ان کا کوئی سہارا یا کمانے والا موجود نہیں تھا۔ ایک بھائی تھا جو کئی برس سے لاپتا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق خاتون کی تدفین مقامی افراد کی مدد سے کر دی گئی ہے، جبکہ ان کی بڑی بہن اسپتال میں زیر علاج ہے۔ شہریوں نے اس دل خراش واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بے سہارا بزرگ شہریوں کے لیے فوری اور مؤثر فلاحی اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔